بالی وڈ کے لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن کی حالیہ ٹوئٹ نے مداحوں میں بے چینی کی لہر دوڑا دی۔
امیتابھ بچن نے ایکس (ٹوئٹر) پر “Time to go” (جانے کا وقت آگیا ہے) لکھا، جس کے بعد مداحوں کے درمیان مختلف قیاس آرائیاں شروع ہوگئیں۔
بہت سے سوشل میڈیا صارفین نے اندازہ لگایا کہ شاید یہ ان کی فلموں یا مشہور بھارتی کوئز شو “کون بنے گا کروڑ پتی” سے ریٹائرمنٹ کا اشارہ ہے، جبکہ کچھ مداحوں نے اسے ان کی صحت سے جوڑ کر تشویش کا اظہار کیا۔ دیکھتے ہی دیکھتے، بگ بی کے مداحوں نے ایکس پر سوالات کی بوچھاڑ کر دی۔
یہ معمہ بالآخر “کون بنے گا کروڑ پتی 16” کے تازہ ترین ایپی سوڈ میں حل ہوا، جہاں شائقین نے خود امیتابھ بچن سے اس ٹوئٹ کی وضاحت مانگی۔ اس پر انہوں نے ہنستے ہوئے کہا، “یہ تو بس ایک عام سی لائن تھی کہ جانے کا وقت ہے، اس میں کیا مسئلہ ہے؟”
ایک مداح نے فوراً پوچھا، “سر، کہاں جانے کا وقت ہے؟” لیکن اس سے پہلے کہ امیتابھ جواب دیتے، پورے اسٹوڈیو نے یک زبان ہو کر کہا، “آپ شو سے نہیں جا سکتے!”
تمام افواہوں کا خاتمہ کرتے ہوئے امیتابھ بچن نے وضاحت دی، “ارے بھائی، یہ کام سے چھٹی کا وقت تھا! ہم رات 2 بجے تک کام کرتے ہیں، گھر پہنچنے میں دیر ہو جاتی ہے، بس یہی کہنے کے لیے لکھا تھا، لیکن نیند آ گئی اور ٹوئٹ ادھوری رہ گئی!”